Saturday, 22 Feb 2020

پنجاب یونیورسٹی اورایران کی اصفہان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے درمیان معاہدہ

پنجاب یونیورسٹی اور ایران کی یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اصفہان کے مابین معاہدہ طے پا گیا۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمداختر، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد سلیم مظہر، اصفہان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کی چانسلر مسز ڈاکٹرطاہرہ چنگیز، وائس چانسلر اصفہان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹربہروز کیلیداری،ڈائریکٹر انٹرنیشنل افیئرز اصفہان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر حامد میرسادیگہی،ڈائریکٹر انٹرنیشنل میڈیکل ایجوکیشن  اصفہان یونیورسٹی ڈاکٹر مرجان منصورین گراکزولو، پنجاب یونیورسٹی ڈین فیکلٹی آف فارمیسی ڈاکٹر ندیم عرفان بخاری، ڈاکٹر خالد حسین، ڈاکٹر عاطف رضا،ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر ثوبیہ خرم و دیگر نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ ایرانی عوام سے پاکستانی عوام بہت محبت کا تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی طلباء و طالبات کی اچھی تعداد پنجاب یونیورسٹی میں پڑھتی ہے۔ جنہیں انتظامیہ کی جانب سے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مزید مضامین بھی متعارف کرائیں گے جن میں ایرانی طلباء کی دلچسپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی یونیورسٹیوں سے روابط کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔  اصفہان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کی چانسلر مسز ڈاکٹرطاہرہ چنگیز نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ مل کر مشترکہ تحقیقاتی منصوبوں کا آغاز کرنا چاہتے ہیں اور مشترکہ تحقیقی مقالات شائع کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارماسوٹیکل سائنسز کے شعبے میں مشترکہ کاوشوں سے نئے مضامین متعارف کرائیں گے۔ معاہدے کے تحت دونوں یونیورسٹیوں میں اساتذہ اور طلباء وطالبات کے وفود کا تبادلہ کیا جائے گا اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کا بھی آغاز کیا جائے گا۔

Related Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *