Saturday, 22 Feb 2020

پنجاب یونیورسٹی میں 24 ممالک سے مڈ کیرئیر غیر ملکی سفارتکاروں کے 32 رکنی وفد کادورہ

پنجاب یونیورسٹی میں 24 ممالک سے مڈ کیرئیر غیر ملکی سفارتکاروں کے 32 رکنی وفدنے دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد سے ملاقات کی۔ وفد میں افغانستان، بحرین، بلگاریہ، وسطی افریقہ، ایتھوپیا، عراق، کرغستان، مالدیپ،ساوتھ افریقہ، مالی، موریطانیہ، مراکش، نیمیبیا، نیپال، فلسطین، سالمن آئی لینڈ سے، جنوبی سوڈان، سری لنکا، سوڈان، تاجکستان، یوکرائن، ازبکستان، یمن اور زیمیبیا سے سفارتکار شامل تھے۔ملاقات میں تمام فیکلٹیز کے ڈینز، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر ثوبیہ خرم اور دیگر افسران موجود تھے۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے وفد کے شرکاء کو برصغیر کی قدیم ترین یونیورسٹی میں خوش آمدید کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والے ملک کے بارے میں اچھا تاثر لے کر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کی یونیورسٹیوں کے ساتھ بہترین تعلقات کے خواہاں ہیں اورتعلیمی میدان میں ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو بھی فروغ دینا چاہتا ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اسی لئے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعلیمی تعلقات بڑھانے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے ممالک میں اساتذہ اور طلباء کے وفود کا تبادلہ ہوناچاہیے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ایسی تحقیق پر توجہ دے رہے ہیں جو معاشرے اور ملک کے مسائل حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں غیر ملکی طلباء کے داخلوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے،فلسطین اور عراق جیسے ممالک کے طلباء کی فیس معاف کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی طلباء سے بہت کم فیس لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔وفد کے شرکا ء نے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے غیر ملکی طلباء سے انتہائی کم فیس لینے اور بہترین سہولیات فراہم کرنے پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں وفد کے شرکاء نے پنجاب یونیورسٹی لائبریری اور شعبہ سیاسیات کا بھی دورہ کیا۔ 

Related Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *